ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 31 جولائی کو ہوگا رابطہ تعلیمی ایوارڈ؛ نوائط کالونی وائی ایم ایس اے میدان میں ہوگی تقریب

بھٹکل میں 31 جولائی کو ہوگا رابطہ تعلیمی ایوارڈ؛ نوائط کالونی وائی ایم ایس اے میدان میں ہوگی تقریب

Wed, 06 Jul 2022 22:38:39    S.O. News Service

بھٹکل 6 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کے مسلم تعلیمی  اداروں   سے فارغ ہونے والے ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے    رابطہ تعلیمی ایوارڈ اس بار 31 جولائی  بروز اتوار  کو نوائط کالونی   میں واقع بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں  منعقد کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن مُنیری نے دی۔

اُردو اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے  عتیق الرحمن منیری  نے بتایا کہ  کووڈ کی وجہ سے گذشتہ دو سال رابطہ ایوارڈ کی تقریب منعقدنہیں کی جاسکی تھی، لہٰذا  اس بار کی تقریب میں  اُن دو سالوں   کے ہونہار طلبہ و طالبات کو بھی  رابطہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ان کے مطابق اس بار  2019،  2020 اور 2021 میں ایس ایس ایل سی، سکینڈ پی یو سی اور ڈگری کے ٹاپروں کو حسب سابق  رابطہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے  85 فیصد یا اس سے زائد مارکس کے ساتھ  میٹرک ،  سکینڈ پی یو سی اور ڈگری   میں کامیاب ہونے والوں  سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے نتائج کی نقل  15 جولائی بروز جمعہ تک رابطہ آفس  پہنچائیں، یا نیچے دئے گئے  کنوینر کے موبائل نمبر پر وہاٹس ایپ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ  اس سے قبل جس طرح ٹاپروں کو  ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، اس بار بھی اُس  طرز پر ہی   ٹاپروں کو ایوارڈ دیا جائے گا۔

اس بار خصوصی  زمرہ  والے طلبہ سمیت  Extra ordinary کامیابی حاصل کرنے والوں کو بھی رابطہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا، مگر اس تعلق سے حتمی فیصلہ  رابطہ ایوارڈ کمیٹی کرے گی۔

پریس کانفرنس میں   بھٹکل مسلم خلیج کونسل  عرف رابطہ سوسائٹی کے صدر عمر فاروق مصباح، محاسب آفاق نائطے، سابق سکریٹری جنرل رکن الدین محی الدین، سرگرم رکن عبدالسمیع کولا  و دیگر بھی موجود تھے۔

 بتاتے چلیں کہ ایوارڈ پروگرام کے تعلق سے مزید جانکاری   وقتاًفوقتاً   ساحل آن لائن پر دی جاتی رہے گی۔

ایوارڈ کے تعلق سے  مزید جانکاری یا  تفصیلات کے لئے رابطہ تعلیمی ایوارڈ کے کنوینر جیلانی محتشم سے موبائل نمبر/ وہاٹس ایپ نمبر (971505584203+)    نائب کنوینر یاسر قاسمجی (971506251833+)   یا   مزید ایک نائب کنوینر  مصباح محمد اشرف ( 971507098301+)   سے  رابطہ کیا جاسکتا ہے۔


Share: